ممبئی،25؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) بالی ووڈ کے جواں سال اداکار سوشانت سنگھ کی موت معاملہ میں سی بی آئی جانچ جاری ہے اور تفتیشی ایجنسی لگاتار ان کے قریبیوں سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ اب ایسی باتیں سامنے آ رہی ہیں کہ اس مبینہ خودکشی کی اصل وجہ جاننے کے لیے سی بی آئی سوشانت سائیکولوجیکل اٹوپسی کرے گی۔ اس عمل کو لوگ 'دماغ کا پوسٹ مارٹم' بھی کہتے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس سائیکولوجیکل اٹوپسی میں سی بی آئی کی سنٹرل فورنسک سائنس لیباریٹری کی ٹیم سوشانت کی زندگی سے جڑے ہر پہلو کی جانچ کرے گی۔ اس جانچ کے دوران سوشانت کی قریبی رشتہ داروں اور دیگر لوگوں سے بات چیت پر گہرائی سے غور کیا جائے گا۔ ساتھ ہی سوشانت کے سوشل میڈیا پوسٹ کا بھی بغور جائزہ لیا جائے گا۔ اس تحقیق کا مقصد یہ ہے کہ سوشانت کی ذہنی کیفیت کا صحیح اندازہ کیا جا سکے۔
یہ عمل بہت آسان نہیں ہے اور ملک میں اب تک صرف دو کیسز میں یہ سائیکولوجیکل اٹوپسی کیا گیا۔ کانگریس لیڈر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی موت کا معاملہ سلجھانے میں اور براڑی اجتماعی خودکشی معاملہ کا سبب جاننے میں اس عمل کا استعمال کیا گیا۔ اگر سوشانت کا بھی نفسیاتی باڈی ٹیسٹ ہوا تو یہ تیسرا معاملہ ہوگا جس میں یہ جانچ کی جائے گی۔